بھٹکل 22 جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل ساگر روڈ پر زیر تعمیر ایک عمارت کی چھت سے کود کر ایک خاتون نے خودکشی کرنے کی کوشش کی، مگر اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کرتے ہوئے بچالیا گیا ہے۔ واردات سنیچر شام کو پیش آئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ایک فوریسٹ گارڈ کی اہلیہ اپنے شوہر کے ساتھ ساگر روڈ کے قریب واقع بھٹکل سرکاری اسپتال آئی تھی، اسپتال میں شوہر جب موبائل پر کسی سے گفتگو کرتے کرتے ایک کیبین سے دوائیاں لینے میں مصروف ہوگیا تو اس دوران بیوی غائب ہوگئی۔ وہ اپنی بیوی کواسپتال میں تلاش کرنےلگا مگر اُس کا کچھ پتہ نہیں چل پایا البتہ کچھ دیر بعد ہی بیوی کو زخمی حالت میں اسپتال پنچایا گیا۔
چھ ماہ کی حاملہ خاتون نے کیوں خودکشی کی کوشش کی تھی، اس تعلق سے جانکاری نہیں مل پائی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ زیر تعمیر عمارت سے کودنے کے فوری بعد قریب میں موجود آٹو رکشہ ڈرائیورس مدد کے لئے دوڑ پڑے، سمجھا جارہا ہے کہ جھاڑیوں میں گرنے کی وجہ سے اس کی ٹانگیں ٹوٹ گئی ہیں۔ آٹو والوں نے ہی پولس کو واقعے کی جانکاری دیتے ہوئے خاتون کو سرکاری اسپتال پہنچایا۔ پتہ چلا ہے کہ خاتون خطرے سے باہر ہے، البتہ زائد علاج کے لئے اسے کنداپور اسپتال شفٹ کیا گیا ہے۔